ہر چار میں سے ایک امریکی کا ذہنی بیماری میں مبتلا ہونے کا انکشاف
امریکا میں کی گئی ایک تازہ تحقیق کے مطابق، ہر چار میں سے ایک امریکی کسی نہ کسی ذہنی بیماری میں مبتلا ہے۔
یہ اعداد و شمار یو ایس سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اور نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ کی رپورٹ میں سامنے آئے ہیں۔
مطالعے کے مطابق امریکا میں 25 فیصد بالغ افراد کو ہر سال ڈپریشن، اینگزائٹی، بائی پولر ڈس آرڈر یا دیگر ذہنی مسائل کا سامنا ہوتا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ڈپریشن اور اینگزائٹی سب سے عام ذہنی عارضے ہیں۔ نوجوان نسل (خاص طور پر 18 سے 25 سال کی عمر کے افراد) میں ذہنی دباؤ کی شرح سب سے زیادہ پائی گئی۔
علاوہ ازیں سوشل میڈیا کا زیادہ استعمال، اکیلا پن، مالی دباؤ اور نیند کی کمی بڑی وجوہات کے طور پر سامنے آئے ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ ہر سال لاکھوں امریکی علاج نہ ہونے کی وجہ سے مزید بگڑتے حالات کا سامنا کرتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ذہنی صحت کو جسمانی صحت کے برابر اہمیت دینا ضروری ہے، اور وقت پر علاج، مشاورت، اور سپورٹ سسٹم سے بہتری ممکن ہے۔